Maulana Muhib Ullah

طریقہ ذکر اسمِ ذات


استغفار 25بار الحمد شریف مع بسم اللہ شریف ایک بار۔ قل ہو اللہ مکمل مع بسم اللہ شریف 3 بار پڑھ کر ثواب پیران کرام سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ کی ارواح مقدسہ کو پہنچائے ۔موت کو حاضر تصور کرے۔ اس طریقے سے موت کا تصور کرنا ہے کہ میں کسی وقت مرجاؤں گا، اگر نیک عمل تھا تو جنت میں جاؤں گا، اگر برا عمل تھا جو جہنم میں جاؤں گا۔ دو تین منٹ موت کا مراقبہ اس طریقے سے کرے۔ پھر خیال سے دل میں زبان ہلائے۔ بغیر اللہ اللہ کہے۔ اپنی توجہ دل کی طرف اور دل کی توجہ اللہ تعالیٰ کی طرف رہے ۔ خدا کی طرف سے فیض آنے کا بھی خیال کرتا رہے ۔ اس کو وقوف قلبی کہتے ہیں۔ تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد عجزو نیازی کے ساتھ دل میں کہے۔ خداوند!مقصود من توئی ورضائے تو، محبت ومعرفت ِ خود دِہ (یا اللہ پاک میرا مقصود تو ہے اور تیری رضا مندی ہے۔ مجھے اپنی محبت اور معرفت نصیب فرما)۔ اسے باز گشت کہتے ہیں۔ وقوفِ قلبی اوربازگشت ذکر کی شرائط میں سے ہیں ۔ با وضو ہونا بے حد مفید ہے مگر شرط نہیں، بوقت فرصت خواہ متعدد مجالس میں ہو، یہ ذکر 24ہزار بار کرے تقریباً دو گھنٹے میں ہو جاتا ہے۔ اگر اتنی فرصت نہیں تھی تو ہر نماز کے ساتھ 10،5منٹ تسبیح پر تقریباایک ہزار ضرور ذکر کرنا چاہئے۔ اس سے دنیا کے کاموں میں کوئی خلل نہیں آتا ہے۔ ویسے چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے وضو ہو یا نہ ہوہروقت ذکر کا دھیان رکھے حتیٰ کہ ذکر دل کا وصف لازم بن جائے۔ اللہ تعالیٰ ذکر کثیر کی توفیق عطا فرمائے۔

لطائفِ عشرہ کا بیان


ہر انسان دس لطائف سے بنا ہوا ہے۔ 5عالم امر سے ہیں اور5عالم خلق سے ، عالم امر کے 5لطائف یہ ہیں قلب، روح ، سر، خفی، اخفی، ان کا تعلق مافوق العرش سے ہے جہاں انوارات ہی انوارات ہیں۔ ان لطائف کے لئے جوانوارات تھے ان کو ان لطائف نے فراموش کر دیا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کا فضل جب بندہ کے ساتھ شامل حال ہو گیا اور کسی مرشد کامل کے ذریعے سے اسم ذات اللہ اللہ کا ذکر ان لطائف پر کرنے سے یہ لطائف اپنی اصل تک یعنی مافوق العرش تک پرواز کرتے ہیں اور پہنچتے ہیں اور انہیں لطائف پر مافوق العرش والے انوارات شروع ہوجاتے ہیں۔ پھر ان کا دھیان اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے احکامات کی طرف ہوتا ہے اگرچہ دنیا کا کام بھی کرتا ہے لیکن نظر حقیقت پر ہوتی ہے ۔ اس بارہ میں کہا جاتا ہے کہ دست بکار دل بیار یعنی ہاتھ کام میں ہوتا ہے دل یار یعنی اللہ کے ساتھ ہوتاہے۔ 5 لطائف عالم خلق یہ ہیں نفس، عناصر اربعہ یعنی پانی، آگ ، ہوا، مٹی یہ انسان میں موجود ہیں اور زمین سے تعلق رکھتے ہیں۔ جب بندہ مرشد کامل کے ذریعے سے اسم ذات اللہ اللہ کا ذکر کرتا ہے تو اس کا اثر لطیفہ نفس اور عناصر اربعہ پر ہوتا ہے ۔ نفس اگرچہ سرکش ہے اور عناصر اربعہ مادیات سے ہیں اور انوارات سے دور اور خلاف ہیں لیکن ذکر کرنے سے نفس امارہ یعنی سرکشی کرنے والا نفس مطمئہ یعنی تابعدار بن جاتا ہے ۔ اور عناصر اربعہ اگرچہ مادیات سے ہیں انوارات سے دور ہیں لیکن ذکر کرنے سے وہ بھی انوارات سے منور ہوجاتے ہیں ، قبضہ میں ہوجاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف اور حقیقت کی طرف توجہ ہوجاتے ہیں۔
نوٹ: مرشد کامل کے بتائے ہوئے اذکار سے اپنے لطائف عشرہ پر انسان ، اللہ تعالیٰ جو ہمارا خالق ، مالک اور رازق ہے کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور مخلوق کو محتاج اور اللہ تعالیٰ کو مشکل کشا سمجھتا ہے ، دنیا کو ضرورت اور آخرت کو مقصودسمجھتا ہے دنیا کو فانی اور آخرت کو باقی سمجھتا ہے تو دین پر چلنا آسان ہوجاتا ہے ۔

لطائف عشرہ کے مقامات


اول لطیفہ قلب: اس کا مقام بائیں پستان کے نیچے دو انگشت کے فاصلہ پر ہے ۔

دوسرا لطیفہ روح: اس کا مقام دائیں پستان کے نیچے دوانگشت کے فاصلہ پر ہے ۔

تیسرا لطیفہ سر: اس کا مقام بائین پستان سے وسط سینہ کی طرف دوانگشت کے فاصلہ پر ہے۔

چوتھا لطیفہ خفی: اس کا مقام دائیں پستان سے وسط سینہ کی طرف دو انگشت کے فاصلہ پر ہے۔

پانچواں لطیفہ اخفی: اس کا مقام دونوں پستانوں کے درمیان بالکل وسط سینہ میں ہے ۔

چھٹا لطیفہ نفس: اس کا مقام وسط پیشانی میں ہے ۔

ساتواں لطیفہ لطیفہ قالبیہ اور سلطان الاذکار:


یہ 4لطائف کا مرکب ہے یعنی عناصر اربعہ اور اس کا مقام سارا جسم ہے (ہدایت الطالبین صفحہ نمبر5ازسیدنا شاہ ابوسعید رحمۃ اللہ علیہ)

طریقہ ذکر خواتین کے لئے


خواتین اسم ذات کا ذکر لطائف پر کریں تو زیادہ بہتر ہے ۔ مگر جو خواتین گھر کی خدمت کی وجہ سے اسم ذات کا ذکر نہیں کر سکتیں تو انکے لئے ذکر کا طریقہ یہ ہے ۔
درود شریف 100مرتبہ جو یاد ہو یا اللھم صلی علی سیدنا محمد وعلیٰ ال سیدنا محمدوبارک وسلم علیہ۔
استغفار 100مرتبہ جو یاد ہو یا استغفر اللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ۔
کلمہ شریف100مرتبہ ۔پہلے 3مرتبہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پورا پڑھیں پھر لا الہ الا اللہ پڑھ کے 100مرتبہ مکمل کریں۔ نوٹ: یہ تینوں اذکار روزانہ دو مرتبہ صبح اور شام کرنے ہیں۔


شجرہ طیبہ سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ


شجرہ شریف پڑھنے کا طریقہ

روزانہ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب سے کچھ پہلے اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم کے بعد ایک مرتبہ سورۃ فاتحہ معہ بسم اللہ شریف اور تین مرتبہ سورۃ اخلاص معہ بسم اللہ شریف پڑھ کر اس کا ثواب پیرانِ کرام سلسلہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ قدس اللہ اسرار ھم کی ارواحِ طیبات کو ایصال کریں۔ اس کے بعد یہ شجرہ طیبہ دونوں وقت پڑھیں۔


بسم اللہ الرحمن الرحیم

الہٰی بحرمت شفیع المذنبین رحمۃ للعالمین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
الہٰی بحرمت خلیفۃ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ
الہٰی بحرمت صاحب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ
الہٰی بحرمت حضرت قاسم بن محمد بن ابی بکر رضی اللہ عنہم
الہٰی بحرمت حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ
الہٰی بحرمت حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ ابوالحسن خرقانی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ ابو علی فارمدی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ یوسف ہمدانی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ عبدالخالق غجدوانی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ عارف ریوگری رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ محمود انجیر فغنوی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ عزیزاں علی رامتینی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ محمد بابا سماسی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت سید میر کلال رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت سید بہاؤالدین نقشبندرحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ علاؤ الدین عطاررحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا یعقوب چرخی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ عبیداللہ احرار رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا محمد زاہد رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ درویش محمد رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا خواجہ امکنگی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ محمد باقی باللہ رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ محمد معصوم رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت شیخ سیف الدین رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت سید نور بدایونی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مرزا مظہر جان جاناں شہید رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت شاہ غلام علی دہلوی رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت شاہ ابو سعید رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت احمد سعید رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت حاجی دوست محمد قندھاری رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ محمد عثمان رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت خواجہ حاجی محمد سراج الدین رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا ابو سعد احمد خان رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا محمد عبداللہ رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت حضرت مولانا خواجہ خان محمد رحمۃ اللہ علیہ
الہٰی بحرمت سیدی ومرشدی حضرت مولانا محب اللہ صاحب مدظلہ العالی برفقیر حقیر خاکپائے بزرگان لاشے مسکین۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔عفی عنہ رحم فرما ومحبت ومعرفت وجمعیت ظاہری وباطنی وعافیت دارین وبہرہ کامل ازفیوض وبرکات ایں بزرگان روزی ماکن۔
ربنا توفنا مسلمین والحقنا بالصلحین۔

ایصال ثواب مردوں کیلئے جائز ہے


حدیث شریف میں ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میری والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ کیا میں اس کی طرف سے صدقہ کروں تواس کے لئے مفید ہوگا؟فرمایا! ضرور۔ اس نے عرض کیا کہ میرے پاس باغ ہے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے وہ باغ اپنی والدہ کی طرف سے صدقہ کردیا۔ (ترمذی صفحہ145)
(بحوالہ آپ کے مسائل اور انکا حل صفحہ183جلد سوم از مولانا یوسف لدھیانوی شہید رحمۃ اللہ علیہ )